اہم خبریں

استعفے کی منظوری میں آئین و قانون کی پاسداری کروں گا: گورنر کی پی ٹی آئی وفد کو یقین دہانی

پشاور( اے بی این نیوز)علی امین گنڈا پور کے استعفے کی منظوری میں آئین اور قانون کی پاسداری کروں گا، گورنر نے پی ٹی آئی وفد کو یقین دہانی کرادی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کروں گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی وفد نے اسلام آباد میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں اراکین قومی اسمبلی اسد قیصر، عاطف خان، علی اصغر خان جدون، جنید اکبر اور ڈاکٹر امجد خان شامل تھے۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا بھی موجود تھے۔

پی ٹی آئی کے پارلیمانی وفد نے گورنر خیبرپختونخوا سے صوبے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وفد نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری روایات کی پاسداری کی ہے، وزیراعلیٰ کے انتخاب میں بھی آپ سے تعاون درکار ہے۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے استعفے کی منظوری میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے صوبے میں ترقی کی جا سکتی ہے، صوبے میں پائیدار امن کو یقینی بنانے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔ پیپلز پارٹی جمہوری روایات اور جمہوریت کی مضبوطی کو برقرار رکھنے والی جماعت ہے۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور کے استعفیٰ کے بعد خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کل ہونا ہے تاہم گورنر نے تاحال علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔

اس سے قبل انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ پیر کو علی امین گنڈا پور کے استعفے پر غور کریں گے۔
مزید پڑھیں‌:حکم عدولی: ڈولفن اسکواڈ کے 26 اہلکار ڈسمس، مزید برطرفیوں کا امکان

متعلقہ خبریں