اہم خبریں

سوئی میں وڈیرہ نورعلی چاکرانی کا 100 سے زائد ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈالنے کا اعلان

سوئی(اے بی این نیوز)بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی، جہاں پاکستان ہاؤس میں بلوچ ریپبلیکن آرمی (براہمداغ بگٹی گروہ) کے معروف کمانڈر وڈیرہ نور علی چاکرانی نے اپنے 100 سے زائد ساتھیوں سمیت ریاست کے سامنے سرنڈر کرتے ہوئے ہتھیار ڈال دیے اور میرآفتاب بگٹی کی موجودگی میں سرنڈر کرنے والے افراد سے پاکستان سے وفاداری کا حلف بھی لیا گیا۔

حکام کے مطابق یہ فیصلہ نہ صرف ریاستی اداروں پر اعتماد کا اظہار ہے بلکہ امن پسندی، حب الوطنی اور ڈیرہ بگٹی کے ترقی و استحکام کے عزم کی بھی واضح علامت ہے۔

انہوں نے سرنڈر کرنے والوں کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کی راہ اختیار کرنا ڈیرہ بگٹی کے عوام کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔ حکام نے مزید کہا کہ اصل عزت و وقار جنگ میں نہیں بلکہ امن، اتحاد اور ترقی میں ہے۔

ساتھ ہی پہاڑوں میں موجود دیگر فراریوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ ہتھیار چھوڑ کر قومی دھارے میں واپس آئیں، کیونکہ اُن کے بچوں اور آنے والی نسلوں کا مستقبل امن و استحکام سے جڑا ہے، نہ کہ تصادم اور بے یقینی سے۔

حکام کا کہنا تھا کہ بھتہ خوری اور خوف کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ اب وقت ہے کہ ڈیرہ بگٹی کے لوگ مل کر محفوظ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وڈیرہ نور علی چاکرانی اور ان کے ساتھیوں کی قومی دھارے میں واپسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پرچم اٹھا کر یہ افراد امن کے نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ریاست نے ہمیشہ مکالمے اور مفاہمت کے دروازے کھلے رکھے۔

وزیر اعلیٰ کے مطابق ریاست مخالف عناصر کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے، تاہم جو لوگ ہتھیار ڈال کر آئینِ پاکستان کو تسلیم کرتے ہیں، انہیں گلے لگانے کی پالیسی بھی برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی نرمی کو کمزوری سمجھنے والے یہ جان لیں کہ ایسے عناصر کا آخری دم تک پیچھا کیا جائے گا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ امن کی طرف یہ قدم نہ صرف ڈیرہ بگٹی بلکہ پورے بلوچستان کے لیے مثبت پیش رفت ہے اور حکومت ہر اس شخص کو خوش آمدید کہتی ہے جو تشدد چھوڑ کر ترقی، ہم آہنگی اور استحکام کی راہ اپنانا چاہے۔
مزید پڑھیں :معافی کی درخواست مسترد

متعلقہ خبریں