اہم خبریں

سیکرٹری جنرل (ن) لیگ آزاد کشمیر کی اپنی ہی قیادت پر کھلی تنقید، پارٹی صدر اور سابق وزیر اعظم کے خلاف بغاوت؟پیپلز پارٹی کی طارق فاروق کے بیان پر ستائش

اسلام آباد (رضوان عباسی ) سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر چوہدری طارق فاروق نے پارٹی نظم و ضبط اور سیاسی فیصلوں کے طریقۂ کار پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ پارٹی کی جانب سے جاری تفصیلی مؤقف میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ایک منظم، نظریاتی اور جمہوری جماعت ہے، جس کے تمام اہم فیصلے اور پالیسی معاملات جماعت کے پالیسی ساز اداروں کی اجتماعی مشاورت سے طے ہونے چاہئیں۔
چوہدری طارق فاروق کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے دوران کارکنان نے شدید سیاسی دباؤ اور مشکلات برداشت کیں، جبکہ لیگی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے بعض ایسے فیصلے مسلط کیے گئے جو نہ صرف ناقابلِ قبول تھے بلکہ عوامی سطح پر بھی غیر مقبول رہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پارٹی کو ذاتی مفادات کے لیے یرغمال بنائے رکھا گیا، جس کے باعث کارکنان میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
موجودہ سیاسی صورتحال اور متحدہ اپوزیشن کی حالیہ پریس کانفرنس کے تناظر میں پارٹی قیادت پر زور دیا گیا کہ ایسے حساس معاملات، جو جماعتی حکمتِ عملی، سیاسی مؤقف اور کارکنان کے اعتماد سے براہِ راست جڑے ہوں، انہیں پارٹی کے مرکزی صدر محمد نواز شریف، شہباز شریف اور دیگر مرکزی فورمز، بشمول مرکزی سیاسی کمیٹی اور مجلسِ عاملہ، میں زیرِ بحث لایا جائے۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر آئندہ انتخابات کی تیاری کر رہی ہے اور اس کا اصل سیاسی مقابلہ پیپلز پارٹی سے ہے۔ تاہم پارٹی کسی ایسی متحدہ اپوزیشن کا حصہ نہیں بن سکتی جس میں پی ٹی آئی شامل ہو اور جس کا ایجنڈا آزاد کشمیر کو مزید افراتفری اور عدم استحکام کی طرف لے جانا ہو۔ پارٹی نے جمہوری نظام کے استحکام، پرامن ماحول اور بروقت پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کو اپنی اجتماعی سیاسی ذمہ داری قرار دیا۔
آخر میں کارکنان کو اعتماد اور اطمینان رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ اعلیٰ قیادت اس اہم معاملے کا فوری نوٹس لے گی اور کارکنان کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد قابلِ قبول حل نکالا جائے گا۔
دوسری جانب، پیپلز پارٹی کی قیادت نے چوہدری طارق فاروق کے اپنی ہی پارٹی قیادت کے خلاف بیان پر سوشل میڈیا پر ستائش شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق طارق فاروق کی حالیہ تنقید کی ایک بڑی وجہ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق ہیں، جو آج کی پریس کانفرنس میں شریک تھے اور طارق فاروق کے انتخابی حلقے میں ان کے سیاسی حریف بھی ہیں۔

مزید پڑھیں :رمضان المبارک کی آمد،مالی امداد 14500 کر دی گئی، تعلیمی وظائف میں 2000 اضافہ،جا نئے تفصیلات

متعلقہ خبریں