مظفرآباد(اے بی این نیوز) آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ اس وقت عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کا کوئی جواز نہیں، احتجاج روکنے کا اختیار ریاست کے پاس ہے، عوامی ایکشن کمیٹی آکر ہمارے ساتھ حکومت کا حصہ بنے۔
نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ احتجاج غلط ہے، ہم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسائل کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات میں کوئی تاخیر نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے میں کچھ نوٹیفکیشن ہوئے اور کچھ پر عملدرآمد ہو رہا ہے، عوامی ایکشن کمیٹی کی جذباتی کیفیت میرے لیے حیران کن ہے، ریاست کو آگے لے کر جانا ہے تو بیٹھ کر بات کرنی ہوگی۔
آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری وفاقی حکومت ایک کے بعد ایک بات کا نوٹس لے رہی ہے، اس وقت عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کا کوئی جواز نہیں، معاہدے میں قائمہ کمیٹیوں کا کوئی ذکر نہیں، کمیٹیاں اسمبلی بناتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ احتجاج روکنے کا اختیار ریاست کے پاس ہے، عوامی ایکشن کمیٹی آئے اور ہمارے ساتھ حکومت کا حصہ بنے، ریاست ان کی عزت کرکے ان کے ساتھ چلنے کو تیار ہے، جب احتجاج ہوا اور اسے روکنے کی کوشش کی گئی تو دونوں فریقوں کو نقصان اٹھانا پڑا۔
فیصل ممتاز نے کہا کہ ہر ممکن کوشش ہے کہ ایک لمحے کی بھی تاخیر نہ ہو اور انتخابات وقت پر ہوں، مجھے نہیں لگتا کہ موجودہ ماحول میں لوگ سڑکوں پر آنا پسند کریں گے، امید ہے چیف الیکشن کمشنر کا جلد تقرر ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں:نسیم شاہ پر بھاری جرمانہ















