راولپنڈی(اے بی این نیوز) پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا استعفیٰ مسترد کردیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر ضمنی انتخابات کے حوالے سے سیاسی کمیٹی کا آج شام دوبارہ اجلاس ہوگا۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور شبلی فراز عدالتوں میں اپنے کیس لڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے گزشتہ روز پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جو اب مجھ سے دو ٹوک فیصلے کا مطالبہ کر رہا ہے، میری زندگی کھلی کتاب ہے، میرا کوئی بھی عمل کسی اصول سے متصادم نہیں، میرا قریبی خاندان میرے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی کے اندر اور باہر سے ہر قسم کے باریک حملے برداشت کیے ہیں جو کوئی بری بات نہیں ہے اور ہم نے اپنی مضبوط وکالت کو پس پشت ڈال کر معاشی بے یقینی کو بخوشی قبول کیا ہے۔
مزید پڑھیں:چیئرمین این ڈی ایم اے نے بارشوں کے موسم میں سیاحت پر پابندی کی تجویز دیدی