چکوال (اوصاف نیوز)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرستِ اعلیٰ ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی خوشحالی اور عوامی مسائل کے پائیدار حل کے لیے چھوٹے صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چھوٹے صوبے ہوں گے تو ترقی کے ثمرات بھی نچلی سطح تک پہنچیں گے۔
وہ چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سالانہ جنرل میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے جس میں بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، چکوال چیمبر کے موجودہ صدر عامر نجیب بھٹہ، سابق صدر خواجہ عارف، یو بی جی پنجاب کے صدر عامر عطا باجوہ اور ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر و سابق صدر وقار ظفر بختاوری نے بھی خطاب کیا۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ بہت جلد شرح سود سنگل ڈیجٹ تک آ جائے گی، بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی اور ان اقدامات سے صنعت کا پہیہ تیزی سے چلے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ معیشت کی بحالی اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے حکومت اور بزنس کمیونٹی کو یکجا ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی ترقی ہی روزگار کے مواقع میں اضافے اور غربت کے خاتمے کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو چور ڈاکو کہنا افسوس ناک ہے، کیونکہ یہی برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
ایس ایم تنویر نے مزید کہا کہ یو بی جی کا مشن تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کا عملی حل تلاش کرنا ہے تاکہ سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔ “ہم سب کو مل کر ایک ایسے پاکستان کی بنیاد رکھنی ہے جو مضبوط معیشت، پائیدار ترقی اور خوشحال عوام کا ضامن ہو،” انہوں نے کہا۔
یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ چکوال شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے جو معدنی اور انسانی وسائل سے مالا مال ہے۔ یہاں انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جانی چاہیے تاکہ مقامی وسائل کو بروئے کار لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چکوال کے آثارِ قدیمہ اور تاریخی مقامات دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے کشش رکھتے ہیں، ان کو اجاگر کرکے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔
چکوال چیمبر کے صدر عامر نجیب بھٹہ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ہمیشہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی آئی ہے اور یو بی جی کے پلیٹ فارم سے یہ کوششیں مزید فعال انداز میں جاری رہیں گی۔ سابق صدر خواجہ عارف نے کہا کہ تاجر برادری نے ہر مشکل وقت میں ملک کے ساتھ کھڑے ہوکر ترقی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔
یو بی جی پنجاب کے صدر عامر عطا باجوہ اور وقار بختاوری نے کہا کہ بزنس کمیونٹی متحد ہے اور اپنی یکجہتی کے ذریعے تمام مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
آخر میں مقررین نے مرحوم قاضی محمد اکبر کی بزنس کمیونٹی اور ملکی ترقی کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے تاجروں کی فلاح و بہبود اور قومی معیشت کی مضبوطی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:توشہ خانہ ٹو کیس، طویل ترین سماعت،7 گھنٹے ہو گئے،ابھی بھی جاری