اہم خبریں

شدید سیلاب کے باعث موٹر وے بند

لاہور (اے بی این نیوز) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے جمعہ کے روز ملتان سکھر موٹروے (M-5) کو سیلاب کے باعث بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
این ایچ ایم پی کے ترجمان کے مطابق ملتان سے سکھر جانے والی گاڑیوں کو شاہ شمس انٹر چینج سے نکل کر نیشنل ہائی وے استعمال کرنا چاہیے اور اوچ شریف انٹر چینج سے دوبارہ موٹر وے میں داخل ہونا چاہیے۔

سکھر سے ملتان جانے والے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اوچ شریف انٹر چینج سے موٹر وے سے باہر نکلیں، نیشنل ہائی وے پر اپنا سفر جاری رکھیں اور شیر شاہ انٹر چینج سے M-5 میں دوبارہ داخل ہوں۔ گشتی افسران اور روڈ گائیڈ ٹریفک کی رہنمائی اور نگرانی کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔

موٹروے کی بندش وفاقی حکومت کی جانب سے جلال پور پیر والا اور آس پاس کے علاقوں کو بچانے کے لیے M-5 کے ساتھ ایک کنٹرول شگاف کی تعمیر کی منظوری کے ایک دن بعد ہوئی ہے۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں پنجاب، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ موٹروے کو پانچ مختلف مقامات پر سیلاب سے نقصان پہنچا ہے جس سے ملتان، لودھراں اور بہاولپور کے دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ ملتان سے اوچ شریف تک سیکشن بند ہے اور این ایچ اے کی ٹیمیں ٹریفک کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔
مزید پڑھیں‌:غیر محفوظ ڈیوائسز کے استعمال سے پاکستانی کاروبار سائبر حملوں کے خطرات سے دوچار، کیسپرسکی سروے

متعلقہ خبریں