اہم خبریں

قومی کرکٹر احمد شہزاد سیلاب زدگان کی مدد کے لیے میدان میں آگئے

مظفر گڑھ (اے بی این نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز احمد شہزاد سیلاب زدگان کی مدد کے لیے میدان میں آگئے۔

کرکٹر احمد شہزاد اپنی ٹیم کے ہمراہ مظفر گڑھ کے علاقے رنگ پور پہنچے جہاں انہوں نے سیلاب زدگان کے لیے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ قومی کرکٹر احمد شہزاد نے بھی سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔

احمد شہزاد سیلاب سے متاثرہ معمر خاتون سے ملاقات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ بزرگ خاتون سے بات کرتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ پریشان نہ ہوں، یہ مشکل وقت ضرور ہے لیکن گزر جائے گا۔

اس کے علاوہ انہوں نے جھنگ میں سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا اور متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔ احمد شہزاد فاؤنڈیشن نے سیلاب زدگان کے ساتھ ساتھ جانوروں کو خوراک بھی فراہم کی۔

قومی کرکٹر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی مختلف ویڈیوز میں کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلاب نے بڑی تباہی مچائی ہے، سیلاب متاثرین کو راشن کی ضرورت ہے، ہماری کوشش ہے کہ سیلاب متاثرین تک راشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے احمد شہزاد فاؤنڈیشن کو اپنے عطیات بھیجیں تاکہ ضرورت مندوں کو ان کا حق مل سکے۔

احمد شہزاد کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس جو بھی عطیات آرہے ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ وہ ایمانداری سے سیلاب زدگان پر خرچ کریں۔
مزید پڑھیں‌:وزیراعظم کا سیلاب زدہ علاقوں میں صارفین کو بجلی کے بلوں پر ریلیف کا اعلان

متعلقہ خبریں