اہم خبریں

افغان طالبان نے سابق وزیراعظم گلبدین حکمت یار کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگا دی

کابل( اے بی این نیوز) افغان طالبان نے سابق وزیراعظم اور حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔

گلبدین حکمت یار کے بیٹے حبیب الرحمان حکمت یار نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان حکومت نے ان کے والد کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حبیب الرحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ طالبان گلبدین حکمت یار کی عوام سے ملاقاتوں میں نہ صرف رکاوٹیں ڈال رہے ہیں بلکہ ان ملاقاتوں سے ‘خوفزدہ’ بھی ہیں اور انہیں ‘خطرناک’ سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان دیگر سیاسی رہنماؤں سے ملک واپس آنے کی اپیل کرتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ان کی حفاظت کی ضمانت دیتے ہیں، لیکن وہ میرے والد کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگاتے ہیں۔

حبیب الرحمان حکمت یار نے کہا کہ کیا طالبان کا مقصد تمام رہنماوں کی واپسی ہے تاکہ وہ اپنی ملاقاتوں، سرگرمیوں اور سفر پر پابندیاں لگا سکیں؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چار سالوں سے طالبان حکومت نے سیاسی رہنماؤں، سابق حکومتی شخصیات اور قبائلی عمائدین پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور ان میں سے بہت سے لوگوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت بھی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ طالبان نے افغانستان میں تمام سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں ختم کر دی ہیں اور کسی بھی سیاسی اجتماع یا تنظیمی سرگرمیوں پر باضابطہ پابندی عائد کر دی ہے۔
مزید پڑھیں‌:سعودیہ،قطر اور ایران کا پاک افغان کشیدگی پر اظہارتشویش

متعلقہ خبریں