نئی دہلی( اے بی این نیوز)بھارت اپنی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے اگلے ماہ اپنی اب تک کی سب سے بڑی ڈرون اور کاؤنٹر ڈرون مشقیں کرنے جا رہا ہے۔ یہ اعلان پاکستان کے ساتھ حالیہ جھڑپ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں بڑے پیمانے پر بغیر پائلٹ کے فضائی نظام کا استعمال کیا گیا تھا۔
فوجی حکام کے مطابق ’’کولڈ سٹارٹ‘‘ نامی مشق اکتوبر کے پہلے ہفتے میں منعقد کی جائے گی جس میں دفاعی صنعت اور تحقیقی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
ایئر مارشل راکیش سنہا نے کہا کہ اس دوران بھارت کے فضائی دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف ڈرونز اور کاؤنٹر ڈرون سسٹم کا عملی طور پر تجربہ کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چار روزہ جھڑپ کے بعد بھارت اور پاکستان دونوں نے ڈرون ٹیکنالوجی کی ترقی میں تیزی دکھائی ہے جسے ماہرین ’ڈرون ہتھیاروں کی دوڑ‘ کا نام دے رہے ہیں۔ بھارتی فوجی حکام کے مطابق یہ مشق مئی میں ہونے والی ڈرون جنگ کے مناظر کو دہرانے کی بھی کوشش ہوگی۔
ہندوستان 2035 تک “سدرشن چکر” کے نام سے ایک مقامی فضائی دفاعی نظام تیار کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے، جس کا موازنہ اسرائیل کے “آئرن ڈوم” سے کیا جا رہا ہے۔ اس نظام میں ڈرون اورکاؤنٹر ڈرون ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ لڑاکا طیارے اور انسداد ہائپرسونک سسٹم شامل ہوں گے۔
ایئر مارشل آشوتوش ڈکشٹ کے مطابق: ’’پاکستان بھی اس میدان میں ترقی کر رہا ہے، اس لیے ہمیں ایک قدم آگے رہنا ہوگا۔‘‘
مزید پڑھیں:ٹرانسپیرنٹ ہینڈز کا ریلیف مشن