ممبئی( نیوزڈیسک ) بھارتی حکومت کے ایک ملازم کو واٹس ایپ پر شادی کا جعلی دعوت نامہ کھولنا مہنگا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک سرکاری ملازم کو نامعلوم نمبر سے شادی کا دعوت نامہ موصول ہوا۔
واٹس ایپ پر موصول ہونے والے پیغام میں لکھا تھا، ‘خوش آمدید، شادی میں ضرور آئیں، محبت وہ کنجی ہے جو خوشیوں کے دروازے کھولتی ہے’، اسی پیغام کے ساتھ ایک فائل منسلک تھی۔
سرکاری ملازم کو موصول ہونے والی یہ فائل دراصل ایک اینڈرائیڈ ایپلیکیشن پیکیج نکلی جو ہیکرز کو صارف کے فون پر انسٹال ہونے کے بعد موبائل ڈیٹا تک رسائی فراہم کرتی ہے۔
متاثرہ ملازم نے جیسے ہی اس فائل پر کلک کیا، سائبر جرائم پیشہ افراد نے اس کے بینک اکاؤنٹ سے 1 لاکھ 90 ہزار لوٹ لیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مقدمہ سائبر سیل کے حوالے کر دیا ہے۔
پولیس نے عوام کو متنبہ کیا کہ وہ نامعلوم ذرائع سے موصول ہونے والی کسی بھی فائل کو ڈاؤن لوڈ نہ کریں، خاص طور پر اے پی کے۔
واضح رہے کہ بھارت میں بڑھتے ہوئے سائبر کرائمز کے پیش نظر ہماچل پردیش سائبر پولیس نے بھی گزشتہ سال اس حوالے سے سخت وارننگ جاری کی تھی۔
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا ، سیلاب سے 493کلومیٹر سڑکیں اور 32پل بہہ گئے،نقصان کی تفصیلات جاری