کرک (اے بی این نیوز) کرک میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن، سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں 17 دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق کرک میں تھانہ شاہ سلیم کے علاقے درس خیل میں فتنہ الخوارج کے ملا نذیر گروپ کے خوارج ارکان کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں پاک فوج، اسپیشل سروسز گروپ اور سی ٹی ڈی نے حصہ لیا۔
سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ارکان پر مشتمل گروپ کو گھیرے میں لے لیا۔ آپریشن کے دوران خوارج کے 17 ارکان مارے گئے۔ 7 سے 10 خوارج ارکان کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجی زخمی بھی ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ وہ کسی کو بھی علاقے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر اعظم نے ضلع کرک میں 17 خوارج کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، آپریشن میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ خوارج کے عزائم کو بروقت کارروائی سے ناکام بنایا گیا، حکومت اور افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، دہشت گردی کی لعنت کو جلد جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے درشک میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرکے خوارج دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
ًًمزید پڑھیں:پاکستان اسٹیل ملز کا جنرل مینیجر لوہا چوری کے الزام میں گرفتار