اسلام آباد ( اے بی این نیوز )محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 7 اکتوبر تک تیز آندھی، بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد میں 3 سے 6 اکتوبر کے دوران بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں 2 سے 7 اکتوبر تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں اور بعض مقامات پر تیز آندھی اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں 2 اور 3 اکتوبر کو بارش جبکہ 4 سے 7 اکتوبر کے دوران کشمیر کے بلند علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ سندھ کے مختلف اضلاع میں آج رات سے 3 اکتوبر تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے بعض علاقوں میں 4 سے 6 اکتوبر تک بارش کے ساتھ طوفانی ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی بھی آ سکتی ہے۔ بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
مزید پڑھیں :