اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کی تجویز پر پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) نے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے ضمنی انتخابات کے لیے اپنے نامزد امیدواروں سے مشاورت کی جائےگی بعد ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینےکا فیصلہ کیا جائےگا۔واضح رہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم رہنماؤں کی جانب سے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا،پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ پی ڈی ایم کی ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی تجویز پر مشاورت کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا، حتمی فیصلہ بعد میں ہوگا۔ خیال رہےکہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کی قیادت سے پی ڈی ایم رہنماؤں کی ورچوئل میٹنگ ہوئی تھی جس میں پی ڈی ایم رہنماؤں کی جانب سے پیپلز پارٹی کو ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔















