اسلام آباد(اے بی این نیوز )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملکی برآمدات کو بڑھانے میں ایکسپورٹرز کو ہر ممکن سہولیات دینے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ وفاقی وزیر نے برآمدات پر مبنی نمو کو تیز کرنے، عوام اور نجی شعبوں کے لئے برآمدات پر مبنی پالیسیاںاپنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وزارت منصوبہ بندی کے زیر اہتمام گول میز کانفرنس میں ایکسپورٹرز کے ساتھ ملاقات میں کیا تاکہ ملکی برآمدات کی پیشرفت اور ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا جا سکے۔ گول میز کانفرنس میں وزارت منصوبہ بندی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، وزارت تجارت و صنعت کے اعلی حکام اور مختلف صنعتوں سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ برآمدات میں مسلسل اضافہ ہی معاشی بحران سے چھٹکارے کا حل ہے جبکہ انہوں نے ہر شعبے کو برآمدات میں اضافے کا ہدف مقرر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے ایکسپورٹرز کو یقین دلایا کہ حکومت مکمل طور پر ان کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں وزارت منصوبہ بندی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ برآمدات ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس لئے برآمدات کو بڑھانے کے سوا پاکستان کے پاس کوئی چارہ نہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت جلد ہی ایک کانفرنس کا انعقاد کرے گی جس میں ملک کے 50 برانڈز کو مدعو کیا جائے گا تاکہ ان کے کام کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے اکیڈمیا انڈسٹری کے آپس میں مربوط رابطہ کی اہمیت پر زور بھی دیا۔ اپریل 2022 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے حکومت کو جن دو بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا ان کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب 2022 نے ملک کو بری طرح متاثر کیا ہے اور بدترین معیشت جو ان کو ورثے میں ملی جس کے نتیجے میں موجودہ حکومت کو سخت فیصلے کرنا پڑے۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے اور ملک میں سیاسی استحکام وقت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے سیاسی اختلافات کو ایک طرف چھوڑ کر ملکی معیشت پر توجہ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ملاقات میں ایکسپورٹرز نے وزارت منصوبہ بندی کے اقدامات کو سراہا۔ مختلف صنعتوں کے برآمد کنندگان جن میں ٹیکسٹائل، چمڑا، گوشت، سرجیکل اور دیگر شامل تھے نے بھی اپنے مسائل سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا جس پر وفاقی وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ وزارت منصوبہ بندی ان کی سہولت اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔















