لاہور(اے بی این نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام 75 سالوں سے جرات و بہادری کے ساتھ بھارت کے ظلم و ستم کا مقابلہ کر رہی ہے، ہزاروں کشمیری آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، بھارت کشمیر میں ماورائے عدالت قتل و غارت گری کے واقعات میں ملوث ہے، بھارت کشمیر میں اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، مسلح افواج کی کشمیر کے حوالے سے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاک افواج خطروں کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، پاکستان کی افواج اور عوام ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کی آزادی کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے، اقوام متحدہ کشمیریوں سے کئے گئے وعدے پورے کرے، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ہو گا۔ مسلم لیگی رہنمائوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت تمام امن پسند عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں مودی کے ظلم کا نوٹس لیں، مقبوضہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر پاکستان کا ہے، مودی ظلم سے کشمیریوں کے جذبہ کو نہیں دبا سکتے، بھارت خطے کا امن خراب کرنے سے باز رہے۔















