اہم خبریں

تمام سیاسی جماعتوں کا مسئلہ کشمیر پر بیک آواز ہونا بھارت کیلئے موثر پیغام ثابت ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد(اے بی این نیوز   )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کا مسئلہ کشمیر پر بیک آواز ہونا بھارت کیلئے موثر پیغام ثابت ہوگا، بھارت نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی جلد رنگ لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اتوار کو آزاد جموں وکشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کی وادی 75 سال سے مسلمانوں کے خون سے سرخ ہے، قائداعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں شرکت میرے اعزاز کی بات ہے ، تمام جماعتوں کا اتحاد دیکھ کر یقیناً بھارت پریشان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے مشرقی تیمور، جنوبی سوڈان اور شمالی آئرلینڈ کیلئے آواز اٹھائی مگر کشمیر کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ، بوسنیا کے مسلمانوں پر بھی ظلم ڈھایا گیا اور ان کی اجتماعی قبریں بنائی گئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2019 میں مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو چھینا اور مقبوضہ کشمیر کو بھارت نے دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی جلد رنگ لائے گی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد آمد اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب پر وزیراعظم پاکستان کا خیر مقدم اور ان سے اظہار تشکر کیا۔

متعلقہ خبریں