کراچی( اے بی این نیوز )وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی )سید امین الحق نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنے حق خودارادیت کامطالبہ اصولی بنیادوں پر کررہے ہیں۔ انہوں نے یوم کشمیر کے موقع پر جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اتوار کو جاری اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام سے یہ وعدہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کیاگیا تھا، عالمی طاقتیں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد اور بھارتی تسلط کے خاتمے کے عمل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت ملنے تک ہر پاکستانی شہری مظلوم کشمیریوں کی آواز کے ساتھ آواز ملاتا رہے گا۔ سید امین الحق نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو ان کا حق دلانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔















