لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ نواز (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان رلانے کی باتیں کرتے تھے مگر اللہ نے مکافات عمل بھی رکھا ہے۔لاہور میں آج بروز ہفتہ 4 فروری کو چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز سے سابق ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارٹی کو مزید بہتر اور متحرک بنانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر مریم نواز شریف نے عوامی رابطہ مہم تیز اور پارٹی بیانیہ آگے بڑھانے کی تجاویز مرتب کرنے کی ہدایات دیں۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے صرف الزام تراشی کی سیاست کی، اور آج دنیا میں ہی انہیں مکافات عمل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی سیاست عوامی خدمت سے عبارت ہے، نواز شریف نے عوام کو ہمیشہ ریلیف دینے کی کوشش کی۔ ہمیں اسی بیانیے کو آگے بڑھانا ہے۔















