اہم خبریں

سلمان اکرم راجہ نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا۔ دو روز قبل انہوں نے پارٹی کی جنرل سیکریٹری کی پوزیشن سے استعفیٰ دیا تھا، تاہم اب انہوں نے اسے واپس لے لیا ہے اور اسی عہدے پر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجہ پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کے طور پر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب کچھ روز قبل پارٹی کے ایک اہم اجلاس میں تنازعہ پیدا ہوا تھا۔

یاد رہے کہ سلمان اکرم راجہ نے دو دن قبل پی ٹی آئی کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کی تصدیق پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی کی تھی۔ استعفیٰ دینے کے بعد، سلمان اکرم راجہ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں وہ اس بات پر افسردہ دکھائی دیے کہ کارکنان ان کی وضاحت کو تسلیم نہیں کر رہے تھے۔

اس کے بعد پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل کے استعفیٰ کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئیں۔ کاشف عباسی نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ایک شدید بحث ہوئی تھی، جس کے دوران بشریٰ بی بی نے پارٹی قیادت کے لیے سخت الفاظ استعمال کیے۔ بشریٰ بی بی نے اجلاس میں پی ٹی آئی کی قیادت سے سوال کیا کہ وہ ڈی چوک میں کہاں تھے، جبکہ وہ خود وہاں موجود تھیں۔ اس پر سلمان اکرم راجہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کے سیکریٹری جنرل ہیں اور بانی پی ٹی آئی کے جوابدہ ہیں، نہ کہ ان کی اہلیہ۔

متعلقہ خبریں