بغداد(نیوزڈیسک)عراق کے وزیراعظم شیعہ السوڈانی نے کہا ہے کہ غیر ملکی فوجی دستوں کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے کہ عراق کو مسلح دستوں کی ضرورت نہیں۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز عراقی سرکاری ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہی۔عراقی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا سیکیورٹی ڈھانچہ کسی بھی قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔وزیراعظم شیعہ السوڈانی کا کہنا تھا کہ عراق میں بین الاقوامی فوجی اتحاد کی تشکیل نو کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ فوجی دستے کب تک یہاں قیام کریں گے، ان کا مشن اور ذمہ داریاں اور تعاون کے شعبے واضح اور شفاف انداز میں بتائے جائیں اور انہیں ایک قانونی شکل دی جائے جسے سیاسی جماعتوں اور پالیمنٹ کے سامنے رکھا جاسکے۔عراقی وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اتحادی فوجوں سے مذاکرات کر رہی ہے اور ہم نے اپنی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی ایک ٹیم بنائی ہے جو ان مذاکرات کی سربراہی کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے بعد ہم حتمی فارمولے پر پہنچیں گے جس کے تحت بین الاقوامی فوجی دستوں کو از سر نو منظم کیا جائے گا۔















