وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کرکٹ،فٹ بال اور ہاکی کے ٹرائلز جلد ہوں گے،شیزہ فاطمہ خواجہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے ارجنٹائن کو فٹ بال کے میدان میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلوں کے باہمی مقابلے دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں، ملک میں فٹ بال اور ہاکی کے ٹرائلز جلد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر لیوپولڈو فرانسسکو سہورس سے ملاقات کید وران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فٹ بال کے میدان میں شاندار کامیابی پر ارجنٹائن کو مبارکباد دیتے ہیں، کھیلوں سے قومی جذبہ منسلک ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے دوطرفہ مقابلے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کرکٹ،فٹ بال اور ہاکی کے ٹرائلز جلد ہوں گے، یہ ٹرائلز ملک کے تمام حصوں میں ہوں گے، یوتھ پروگرام تمام مردو خواتین کیلئے ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارجنٹائن کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کی حوصلہ افزائی اور محبت کے شکرگزار ہیں، پاکستان میں فٹ بال کا ٹیلنٹ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کی فٹ بال میں حوصلہ افزائی کے خواہاں ہیں، پاکستانی اور ارجنٹائن کی خواتین کھلاڑیوں کے درمیان میچ حوصلہ افزائی کا باعث بن سکتے ہیں۔