ریکوڈک اور دیگر منصوبے بلوچستان کو مختصر عرصے میں خوشحال بنا سکتے ہیں، صدر ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد(نیوزڈیسک  )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت کی جانب سے بلوچستان کے عوام کے ساتھ نچلی سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت ہے ، بلوچستان کی ترقی کیلئے اس کے انسانی اور قدرتی وسائل پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، ریکوڈک اور دیگر منصوبے بلوچستان کو مختصر عرصے میں خوشحال بنا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو تعلیمی دورے پر آئے کیڈٹ کالج کوہلو ، بلوچستان کے کیڈٹس سے ملاقات کے دوران کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سیاسی قیادت کی جانب سے بلوچستان کے عوام کے ساتھ نچلی سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت ہے ، بلوچستان کی ترقی کیلئے اس کے انسانی اور قدرتی وسائل پر سرمایہ کاری کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور صوبائی قیادت عوام کے ساتھ مضبوط سیاسی تعلقات استوار کرے ، بلوچستان کے نوجوانوں کو صوبائی اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے ، لوگ با صلاحیت اور بہادر ہیں، ریکوڈک سمیت دیگر منصوبے بلوچستان کو مختصر عرصے میں خوشحال بنا سکتے ہیں، بلوچستان کے قدرتی وسائل کو بہترین عالمی طریقہ کار اپنا کر ترقی دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقربا پروری اور بدعنوانی کا خاتمہ ، میرٹ اور شفافیت کا فروغ قوم کی تعمیر کے لئے ضروری ہے ، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ، ذاتی مفادات اور انا کو ترک کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی، مناسب پرورش اور اپنی آنے والی نسلوں کی کردار سازی پر توجہ دینا چاہئے، سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل مالی ، سماجی اور اقتصادی استحکام کے حصول ، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی کنجی ہے، تمام سٹیک ہولڈرز اپنی انا اور انتہائی رویے کو ایک طرف رکھیں، عظیم تر قومی مفاد کو مقدم رکھیں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ طلبا زندگی بھر علم کے حصول کو جاری رکھیں، اپنی صلاحیتوں کو مسلسل نکھاریں ، طلبااپنی اخلاقی اور خاندانی اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے صحیح ترجیحات کا تعین کریں۔ صدر مملکت نے معیاری گریجویٹس تیار کرنے پر پاکستان کے کیڈٹ کالجز کی تعریف کی۔