اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کرم کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پاک آرمی کو خراج تحسین اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے شہدا صوبیدار شجاع محمد، نائیک محمد رمضان، سپاہی عبدالرحمان کو شجاعت و بہادری پر سلام پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔انہوں نے کہا کہ قوم کی دعائیں اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہیں۔وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
