خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی نئی لہر،لکی مروت میں دہشتگردوں کا پولیس چوکی پر حملہ،پولیس اہلکار شہید،ملزمان فرار

لکی مروت(نیوزڈیسک) خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی نئی لہر ،دہشت گرد مسلسل پولیس پر حملوں میں مصروف ،لکی مروت میں دہشت گردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، خیبر پختونخوا پولیس کا اہلکار شہید ہوگیا۔اتوار کو تفصیلات کے مطابق لکی مروت میں رات گئے دہشت گردوں نے خود کار ہتھیاروں سے پولیس چوکی شہباز خیل پر حملہ کیا جس کو پولیس نے جوابی کارروائی کر کے پسپا کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق حملے کے دوران گولیاں لگنے سے خیبرپختونخوا پولیس کا کانسٹیبل تحسین اللہ شہید ہوگیا۔ واضح رہے کے گزشتہ ماہ میں بھی ،لکی مروت میں نئے قائم شدہ تھانہ برگئی پر دہشت گردو ں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید جبکہ4 زخمی ہوگئے تھے۔