بیجنگ (نیوز ڈیسک)چین نے 2 امریکی شخصیات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چین نے یہ فیصلہ تبت میں انسانی حقوق کے مبینہ معاملات پر 9 دسمبر کو 2 چینی عہدیداروں کے خلاف امریکی پابندیوں بارے جوابی کارروائی کے طور پر کیا ہے۔ جمعہ کے روز چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین کے انسداد خارجہ پابندیوں کے قانون کے مطابق چین نے مائلز ما چھن یو اور ٹوڈ اسٹائن کے خلاف جوابی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت کے مطابق چین میں ان کے ہر قسم کے اثاثے منجمد کردیئے جائیں گے۔ چین میں کسی بھی تنظیم یا فرد کو ان کے ساتھ لین دین سے منع کردیا گیا ہے۔ ان دونوں افراد اور ان کے اہلخانہ کے لئے ویزہ یا چین میں داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔جوابی اقدامات جمعہ سے نافذ العمل ہوگئے۔
